گلگت بلتستان کو اندھیروں سے نکالنے کا اعلان، نلتر 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ مکمل، بجلی کی فراہمی شروع

گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے نلتر 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ فیز تھری کا دورہ کیا، جہاں متعلقہ حکام نے انہیں منصوبے کی تکمیل، بجلی کی فراہمی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ آئندہ پانچ سالوں میں گلگت بلتستان سے اندھیروں کا مکمل خاتمہ ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ غربت، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی جیسے مسائل کے خلاف ہے۔ ہمارا مقصد سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں بلکہ عوام کو درپیش مسائل کا مستقل حل اور ان کے معیارِ زندگی میں بہتری لانا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق نلتر 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ سے گلگت شہر کو تقریباً 8 سے 9 گھنٹے اضافی بجلی مل رہی ہے، جس سے شہر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے باضابطہ افتتاح کے لیے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو دعوت دی گئی ہے اور امید ہے کہ وہ جلد گلگت کا دورہ کرکے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
منصوبے کی طویل تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ نلتر 14 میگاواٹ فیز ٹو اور 16 میگاواٹ فیز تھری دونوں منصوبے 2009 میں پی ایس ڈی پی کا حصہ بنے، جبکہ 2012 میں ان کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ تاہم 16 میگاواٹ منصوبہ کئی سال تک تاخیر کا شکار رہا اور 2021 تک اس پر صرف 23 فیصد کام مکمل ہو سکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کے بعد منصوبے پر کام کی رفتار تیز کی گئی، 2025 تک پیش رفت 72 فیصد تک پہنچ گئی اور اب منصوبہ مکمل کرکے گلگت شہر کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے پروجیکٹ ڈائریکٹر، محکمہ برقیات کے حکام، ہیوی مکینیکل کمپلیکس کی ٹیم اور سابق چیف سیکریٹری ابرار احمد مرزا کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر انہوں نے گلگت شہر میں بجلی کے بحران کے مستقل خاتمے کے لیے 40 میگاواٹ ہنزل پاور پروجیکٹ کو بھی انتہائی اہم قرار دیا اور اعلان کیا کہ اس منصوبے کا آئندہ تین ماہ میں دوبارہ ٹینڈر کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ عطاء آباد 54 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کے مسائل حل کر لیے گئے ہیں، جبکہ ہرپور اور شغرتھنگ پاور پروجیکٹس کی تکمیل کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر غواڑی اور تھک پاور پروجیکٹس کو دوبارہ پی ایس ڈی پی میں شامل کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تمام منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے اور عوام کو بجلی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔



