گلگت بلتستان کے لیے اعزاز؛ فیض اللہ فراق دنیا کے 100 بااثر نوجوان رہنماؤں میں شامل
عالمی سطح پر گلگت بلتستان کا نام روشن؛ فیض اللہ فراق دنیا کے 100 بااثر نوجوان لیڈرز کے ایوارڈ سے سرفراز

معروف شاعر، ادیب اور سابق ترجمان صوبائی حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کو عالمی سطح پر ایک اور بڑا اعزاز حاصل ہو گیا۔ دنیا کے 100 بااثر نوجوان رہنماؤں (100 Most Influential Young Leaders) کی فہرست میں نامزدگی کے بعد آج اسلام آباد میں منعقدہ “تخلیقی لیڈرز کانفرنس” (Creative Leaders Conference) کی ایک پروقار تقریب میں انہیں باضابطہ طور پر اس باوقار ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس بین الاقوامی کانفرنس میں دنیا کے 40 سے زائد ممالک کے بااثر نوجوان قائدین، سفارت کاروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ فیض اللہ فراق کو یہ عالمی اعزاز ان کی نمایاں سیاسی، سماجی اور صحافتی خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا ہے۔ بالخصوص بطور حکومتی ترجمان قومی و بین الاقوامی میڈیا پر گلگت بلتستان کا مؤثر مقدمہ لڑنے، خطے کے نوجوانوں کے مسائل اجاگر کرنے اور علاقائی ترقی و بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو عالمی سطح پر بھرپور سراہا گیا۔
ایوارڈ کی اس تقریب میں اقوامِ متحدہ کے نمائندہ برائے امورِ نوجوانان، مختلف ممالک کے سفارت خانوں کے اعلیٰ حکام، وزیرِ اعظم کے مشیر برائے امورِ نوجوانان (یوتھ افیئرز) سمیت سماجی و ادبی حلقوں کی کثیر تعداد موجود تھی، جنہوں نے فیض اللہ فراق کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔



